ISLAMBAD:
عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) نے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان اصلاحات کا مستقل نفاذ کو یقینی بنائے اور نجی شعبے کی ترقی کے عمل میں بھی تیزی لائی جائے۔
آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے سالانہ اجلاس کے موقع پر وفاقی سیکریٹری خزانہ امداد اللہ بوسال اور گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد پر مشتمل پاکستانی وفد نے آئی ایم ایف کے ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر کینجی اوکامورا سے واشنگٹن ڈی سی میں ملاقات کی۔
پاکستانی وفد نے ٹیکس بنیادوں میں وسعت، صوبائی زرعی آمدنی ٹیکس کی وفاقی ٹیکس سے ہم آہنگی، سبسڈیز میں توازن، حکومتی حجم میں کمی اور توانائی کی قیمتوں میں کمی کے ذریعے مالیاتی وسائل میں اضافے کی کوششوں پر بات کی۔
ملاقات کے دوران نجی شعبے کی ترقی کی رفتار تیز کرنے اور آئی ایم ایف کے ریزیلینس اور سسٹین ایبلٹی فنڈ کے ذریعے پاکستان میں ماحولیاتی استحکام کی تعمیر اور مالیاتی اور بیرونی شعبے میں پالیسیوں کے تسلسل کے حوالے سے کیے گئے اقدامات بھی زیر بحث آئے۔
اس سے قبل پاکستانی وفد نے واشنگٹن میں آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر جہاد ازعور سے بھی ملاقات کی اور حال ہی میں منظور ہونے والے 7 ارب ڈالر کے توسیعی فنڈ سہولت پر اظہار تشکر کیا۔
وفاقی وزارت خزانہ سے جاری بیان کے مطابق آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر جہاد ازعور نے فنڈ پروگرام کے کامیاب آغاز پر پاکستان کو مبارک باد پیش کی۔