کراچی:
جامعہ کراچی میں شعبہ جرمیات کے تحت منفرد نمائش کا انعقاد کیا گیا جرائم کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کرنے کے لیے سجائی گئی نمائش میں اساتذہ کی رہنمائی میں طلبہ نےکرمنالوجی میں پڑھائے گئے عنوانات کی عملی شکل پیش کی۔
نمائش میں فرضی تھانہ اور عدالت بنائی گئی جس میں طلبہ نے سمجھانے کے لیے ڈراما پیش کیا ،ایف آئی آر کے اندراج کا طریقہ سکھانے سمیت تفتیش سے پراسیکیوشن تک مراحل بتائے گئے، ہر کلاس روم میں الگ الگ کرائم سین کا پہلو بتایا گیا طلبہ نے حقیقی زندگی میں مجرمانہ واقعات کے منظر نامے بنا کر تخلیقی صلاحیتیں اجاگر کیں۔
شعبہ جرمیات کی چیئرپرسن ڈاکٹر نائمہ سعید نے طلبہ کی کاوشوں کو خوب سراہا انہوں نے کہا ہر سال طلبہ کچھ منفرد نمائش پیش کرتے ہیں اس سے نئے آنے والے طلبہ کو بھی سیکھنے کا موقع ملتا ہے اور ہمین بھی دیکھ کر خوشی ہوتی ہے کہ طلبہ نے لیکچرز سے بہت کچھ سیکھا ہے نمائش میں فارنزک، فنگر پرنٹس، ڈی این اے سمیت جرائم کی دنیا سے جُڑی دیگر پیچیدگیوں کا بھی عملی مظاہرہ کیا گیا۔