کراچی:
ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس اورسی پی ایل سی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے خواتین کونوکری کا جھانسا دے کر ہراساں کرنے والے جعلسازملزم کو گرفتار کرلیا۔
ایس ایس پی ساؤتھ ساجد سدوزئی کے مطابق گرفتار جعل ساز ملزم طاہر میمن خود کو گورنر ہاؤس کا ملازم ظاہرکرتا اور نوکری دلانے کا جھانسہ دے کر خواتین کو ہراساں کرتا تھا۔
ملزم نوکری کے لیے درکار دستاویزات حاصل کرنے کے بہانے سادہ لوح خواتین سے ملتا تھا۔ ملزم خواتین کوجنسی طور پرہراساں کرنے میں ملوث ہے۔ گرفتار ملزم نے دوران تفتیش کئی خواتین کونوکری کاجھانسہ دے کرہراساں کرنے کا اعتراف بھی کیا ہے۔
ملزم کے خلاف تھانہ درخشاں میں متاثرہ خاتون کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغازکردیا گیا۔