کراچی؛ گھر میں تیز دھار آلے سے حملہ، خاتون اور 2 بچے شدید زخمی، ایک دم توڑ گیا

واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے، جس میں متاثرہ خاندان کا قریبی رشتے دارملوث ہے، پولیس


اسٹاف رپورٹر October 24, 2024

کراچی:

گھر میں تیز دھار آلے سے حملے میں خاتون اور 2 بچوں کو شدید زخمی کردیا گیا، بعد ازاں دوران علاج ایک بچہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

 
اورنگی ٹاؤن کے علاقے میں سفاک ملزم نے ایک گھر میں تیز دھار آلے کے پے درپے وار کرکے خاتون اوراس کے 2 کمسن بچوں کو شدید زخمی کردیا، جنہیں فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک شدید زخمی بچہ دوران علاج دم توڑ گیا ۔
 
پولیس حکام کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے، جس میں متاثرہ خاندان کا قریبی رشتے دارملوث ہے ، جس کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی  ہے۔
 
اورنگی ٹاؤن سیکٹرساڑھے 8 میں  گھر کے اندر گھس کر تیز دھار آلے سے حملہ کرنے والا ملزم موقع پر سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر اہل محلہ بڑی تعداد میں جمع ہو گئے اور شدید زخمیوں کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ایک شدید زخمی کمسن بچہ دوران علاج دم توڑ گیا ، جس کی شناخت 6 سالہ سبحان ولد شاہ رخ کے نام سے کی گئی۔
 
دیگر زخمیوں میں مقتول بچے کی بہن 5 سالہ علیزہ دختر شاہ رخ اور والدہ 35 سالہ رمشا زوجہ شاہ رخ شامل ہیں۔  متاثرہ خاندان کا سربراہ شاہ رخ کورنگی میں ویلڈنگ کا کام کرتا ہے۔ پڑوسی نے بتایا کہ واقعے کے وقت گھر میں خاتون اورشیرخواربچی سمیت 3 بچے موجود تھے۔ دوپہرپونے ایک بجے شاہ رخ کی ایک بیٹی اسکول سے گھر پہنچی تو بہن بھائی کو زخمی حالت میں دیکھا۔ بچی روتے ہوئے گھر سے باہرآئی اور پڑوسیوں کوآگاہ کیا۔
 
اہل محلہ جب متاثرہ گھر پہنچے تو 6 سالہ سبحان اور 5 سالہ علیزہ خون میں لت پت پڑے تھے جب کہ خاتون خانہ رمشا گھرکی بالائی منزل پرزخمی حالت میں پڑی تھی۔ زخمی رمشا کے پاس ہی اس کی شیرخواربچی بیٹھی رو رہی تھی، جو کہ واقعے میں محفوظ رہی۔
 
اہل محلہ نے پولیس کو اطلاع دی۔ جب کہ گھر کا سربراہ شاہ رخ کام پر گیا ہوا تھا۔ 
 
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور جائے واردات سے شواہد جمع کرکے کرائم سین یونٹ کو طلب کیا۔
 
ڈی ایس پی اورنگی امتیازحسین کے مطابق واقعے میں موٹرسائیکل پر سوارشخص ملوث ہے، موٹرسائیکل پر کبوتر کا پنجرا موجود تھا۔ ملزم گھر کے اندر گیا اورواردات کرکے فرارہوگیا۔ 
 
ایس ایس پی ویسٹ طارق الہی مستوئی کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق واقع ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے اورہولناک واقعے میں متاثرہ خاندان کا قریبی رشتے دارہی ملوث ہے۔ متاثرہ فیملی کی جانب سے پولیس کو اہم معلومات فراہم کردی گئی ہے۔ مبینہ طورپرملزم نے خود فون کرکے واقعے کی اطلاع بھی دی۔
 
ایس ایچ اومومن آباد ارشد علی نے ایکسپریس کو بتایا کہ ہولناک واقعے میں سمیرنامی ملزم ملوث ہے،جو زخمی خاتون کے شوہر شاہ رخ کے ماموں کا بیٹا ہے۔ ملزم سمیرکے شاہ رخ کے اختلافات تھے۔ ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی نے ڈی ایس پی اورنگی کی زیرنگرانی ملزم کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دے دی ہے۔ ملزم کی گرفتاری کے لیے کاروائیاں جاری ہیں۔ واقعے سے متعلق مزید معلومات اورشواہد بھی حاصل کیے جارہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں