کراچی:
تیز دھار آلے سے زخمی کی گئی خاتون نے بیان میں بتایا ہے کہ ملزم نے پہلے زیادتی کی کوشش کی، پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔
اورنگی ٹاؤن کے علاقے میں کمسن بچے کوقتل،ماں اورایک کمسن بچی کوزخمی کرنے کے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا، جس میں زخمی خاتون کے شوہر کے کزن سمیر کو نامزد کیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم سمیر کی گرفتاری کی کوشش کی جا رہی ہے، جلد ہی ملزم سمیرکوگرفتار کرلیا جائے گا۔
بدھ کے روز اورنگی ٹاؤن کے علاقے میں گھر میں کمسن بچے کوقتل،ماں اورایک کمسن بچی کوزخمی کرنے کے واقعے کا مقدمہ الزام نمبر24/577 بجرم دفعہ 302،324،376 اور 511 کے تحت زخمی خاتون 30 سالہ رمشا کے شوہرشاہ رخ کی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔ مقدمے میں شوہرشاہ رخ کے کزن سمیرکونامزد کیا گیا ہے۔
مدعی مقدمہ نے بتایا کہ وہ ویلڈنگ کا کام کرتا ہے۔ بدھ کو صبح 9 بجے حسب معمول اپنے کام پرچلا گیا تھا، میرا بھائی محمد انیل اوراس کی بیوی بھی اپنے کام پر چلے گئے تھے۔ مجھے بذریعہ فون پتا چلا کہ میری بیوی اوربچوں کا کسی نےگلا کاٹ دیا ہے اور ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جہاں پہنچا تو میری بیوی رمشا، بیٹی علیزہ کوجناح اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا جب کہ میرا بیٹا سبحان اسپتال میں دوران علاج دم توڑچکا تھا۔
مدعی مقدمہ کے مطابق میں اپنی بیوی اوربیٹی کے پاس جناح اسپتال پہنچاتومیری بیوی رمشا نے بتایا کہ وہ بچوں کے ساتھ گھر میں اکیلی تھی۔ اسی دوران میرا ماموں زاد بھائی سمیرگھرآیا، میں نے سمیرکو چائے اورناشتہ دیا تواس نے میرے ساتھ زیادتی کرنے کی کوشش کی۔ میں نے اور دونوں بچوں نے سمیرکو پکڑنے کی کوشش کی، جس پر سمیرنے چہرے، سراورگردن پر گھر میں رکھی استری اٹھا کرمتعدد وار کیے۔
استری کے وارسے میری بیوی رمشا اور دونوں بچے سبحان اورعلیزہ شدید زخمی ہوگئے جب کہ سمیرموقع سے فرار ہوگیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم سمیر کی گرفتاری کی کوشش کی جا رہی ہے، ملزم جلد ہی پولیس کی حراست میں ہوگا۔