آئرلینڈ کے ڈیٹا پروٹیکشن ادارے نے نیٹورکنگ ویب سائٹ لنکڈ اِن پر 31 کروڑ یورو کا جرمانہ عائد کرتے ہوئے ویب سائٹ کو اپنی ڈیٹا پروسیسنگ یورپی یونین کے قانون کے مطابق کرنے کا حکم دے دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈیٹا پروٹیکشن کمیشن (ڈی پی سی) کا کہنا تھا کہ ادارے کو لنکڈ اِن کے اشتہارات اور بیہیویرل انالسز کے لیے نجی ڈیٹا کی پروسیسنگ کی قانونیت اور شفافیت کے حوالے سے تشویش ہے۔
فرینچ ڈیٹا پروٹیکشن اتھارٹی کو کی جانے والی ایک شکایت کے بعد ڈی پی سی کی جانب سے تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔
تحقیقات میں بیہیویرل انالسز اور ٹارگٹڈ ایڈورٹزمنٹ کے لیے لنکڈ اِن پروفائلز رکھنے والے صارفین کے نجی ڈیٹا کی پروسیسنگ کے عمل کا معائنہ کیا گیا۔
ڈیٹا پروٹیکشن کے کمشنر ڈاکٹر ڈیس ہوگن اور ڈیل سندرلینڈ کی جانب سے کیے گئے فیصلے میں (جو 22 اکتوبر کو لنکڈ ان کو نوٹیفائی کیا گیا) پروسیسنگ کے عمل کی قانونی حیثیت اور شفافیت کے حوالے سے تشویش ظاہر کی گئی تھی۔