KHARTOUM/CAIRO:
سوڈان کی پیراملٹری فورس ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) نے ریاست الغیزیرا میں حملہ کرکے 124 افراد کو ہلاک اور 100 شہریوں کو زخمی کردیا جو ریاست میں ڈیڑھ سال کے دوران سب سے بڑا خون ریز حملہ ہے۔
خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق سوڈان کے جمہوریت پسند کارکنوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ اتوار کو آر ایس ایف کے اعلیٰ افسر ابوغلا کیکال کی جانب سے فوج کے سامنے ہتھیار ڈالنے کے بعد آر ایس ایف اسی ریاست میں انتقامی کارروائی کر رہی ہے جہاں سے اس افسر کا تعلق رکھتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ریاست میں ان حملوں میں سیکڑوں ہلاکتیں ہوئی ہیں، اس کے علاوہ شہریوں کو گرفتار کیا گیا اور ہزاروں افراد گھر چھوڑ کر پناہ کی تلاش میں سرگرداں ہیں۔
جمہوریت پسند گروپ مزاحمتی کمیٹی کے وید مدانی نے کہا کہ ریاست الغیزیرا کے شمالی گاؤں السیریحہ میں حالیہ دنوں میں بدترین واقعات پیش آئے ہیں اور آر ایس ایف کے اس حملے میں 124 افراد ہلاک اور 100 زخمی ہوگئے ہیں۔
دوسری جانب آر ایس ایف نے بیان میں سوڈان کی فوج پر الزام دیا کہ وہ الغیزیرا میں شہریوں کو مسلح کر رہی ہے اور کیکال کی کمان میں فورسز استعمال کر رہی ہے، جس کی وجہ سے یہ حملے کیے گئے ہیں۔
کمیٹی نے کہا کہ آر ایس ایف ریاست الغیزیرا کے مشرق، مغرب اور وسطی علاقوں میں کارروائیاں کر رہی ہیں اور ایک گاؤں کے بعد دوسرے گاؤں میں قتل عام کر رہی ہے۔
خیال رہے کہ سوڈان میں 2021 کے فوجی حکومت کے قیام کے بعد 2023 میں فوج اور پیراملیٹری فورس آر ایس ایف کے درمیان اختلافات ہوئے اور تنازع شدت اختیار کر گیا یہاں تک سوڈان میں دو متوازی حکومتیں بنی اور مسلح جھڑپوں میں تاحال ہزاروں شہری جاں بحق ہوچکے ہیں۔