کراچی:
ہونڈائی نشاط موٹرز نے 1600 سی سی کی حامل پاکستان میں اسمبل ہونے والی پہلی "الینٹرا ہائیبرڈ" گاڑی متعارف کرادی۔
ہفتے کو مقامی ہوٹل میں منعقدہ کنزیومر چوائس ایوارڈ کی تقریب میں ہنڈائی نشاط موٹرز لمیٹڈ کے سینئر جنرل منیجر ملک محمد عدنان نے کمپنی کے سی ای او مساکی یمادہ کے ہمراہ بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کمپنی اپنی دیگر گاڑیوں کی طرز پر الینٹرا ہائی برڈ کی فنانسنگ پر غور کررہی ہے.
انہوں نے کہا کہ کمپنی ماہانہ 200 گاڑیوں کو تیار کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، فی الوقت کمپنی الینٹرا ہائی برڈ سے متعلق پاکستانی صارفین کا ردعمل کا مشاہدہ کررہی ہے کیونکہ مقامی مارکیٹ میں گاڑیوں کی فروخت کا حجم 50 فیصد گراوٹ کا شکار ہے لہذا مارکیٹ کی موجودہ صورتحال میں الینٹرا ہائی برڈ کی لوکلائزیشن سازگار نہیں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کوریا سے الینٹرا ہائی برڈ 100 فیصد پرزہ جات درآمد کرکے پاکستان میں اسمبل کیا جارہا ہے۔ گاڑی میں عالمی معیار کے ایڈوانس ٹیکنالوجی کے ہر فیچر موجود ہیں اور یہ 6 مختلف رنگوں میں دستیاب ہے۔
انہوں نے بتایا کہ الینٹرا ہائی برڈ ایک لیٹر میں اوسط 25 کلو میٹر مسافت طے کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ الینٹرا ہائیبرڈ گاڑی کی قیمت 97 لاکھ روپے ہے۔