امریکا میں 5 نومبر کو ہونے والے صدارتی الیکشن میں مسلم ووٹ فیصلہ کن حیثیت اختیار کرگئے ہیں اور دونوں امیدوار مسلمانوں کی حمایت حاصل کرنے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہے ہیں۔
امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم ایک نئے موڑ میں داخل ہوگئی ہے۔ ریاست مشی گن میں مختلف مسالک سے تعلق رکھنے والے متعدد علما اور مساجد کے سربراہان نے حمایت کی یقین دہانی کرادی۔
صدارتی الیکشن میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کا اعلان کرنے والے علما کا کہنا تھا کہ ٹرمپ نے اپنے دور میں دنیا میں جاری کئی جنگوں کو ختم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
مشی گن کی کئی مساجد کے پیش اماموں نے بھی ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے اپنی حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ سابق امریکی صدر نے دنیا کو ایک پُرامن جگہ بنانے کے لیے دن رات محنت کی تھی۔
ان علما اور مقامی مسلم رہنماؤں کا مزید کہنا تھا کہ دنیا میں امن کو قائم رکھنے کے لیے ایسے لیڈر کی ضرورت ہے جو متحارب ممالک کو جنگ کے خاتمے پر رضامند کرسکتا ہو اور یہ صلاحیت ٹرمپ میں موجود ہے۔
ادھر سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حمایت کے اعلان پر مشی گن کے علما اور پیش اماموں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا۔