احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بشریٰ بی بی کی طبیعت ناسازی کے باعث حاضری سے استثناء کی درخواست منظور کرلی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت ہوئی جو کہ احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی۔ عمران خان کو کمرۂ عدالت میں پیش کیا گیا۔ بشریٰ بی بی کی طبیعت ناسازی کے باعث حاضری سے استثناء کی درخواست دائر کی گئی عدالت درخواست منظور کرلی۔ بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان ریاض گل عدالت میں پیش نہ ہوئے۔
وکلا صفائی کی جانب سے عدالت میں ایک ہفتے کے لیے سماعت ملتوی کرنے کی درخواست کی گئی۔ نیب پراسیکیوٹر نے مخالفت کی اور کہا کہ بشریٰ بی بی بھی آج کی سماعت میں موجود نہیں، جان بوجھ کر کیس کو طول دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان ریاض گل کی عدم دستیابی کے باعث کیس کے تفتیشی آفیسر پر جرح نہ ہو سکی، بعدازاں احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر سماعت 30 اکتوبر تک ملتوی کردی۔
عمران خان اور بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستیں سماعت کے لیے مقرر
دریں اثنا عمران خان اور بشریٰ بی بی کی 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بریت کی درخواستیں اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر ہوگئیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب 29 اکتوبر کو درخواستوں کی سماعت کریں گے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں بریت کی درخواستوں پر گزشتہ سماعت 2 اکتوبر کو ہوئی تھی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے ٹرائل کورٹ کو ریفرنس کا حتمی فیصلہ دینے سے روک رکھا ہے۔ احتساب عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستیں مسترد کر دی تھیں۔ دونوں ملزمان نے احتساب عدالت کا فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔