اسلام آباد:
ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فین نے ایف بی آر کے اقدامات کی مکمل حمایت کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان میں محصولات بڑھانے کی کوششوں میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
ایف بی آر کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو راشد محمود لنگڑیال سے پیر کے روز ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فین نے ایف بی آر ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے ایشیائی ترقیاتی بینک کی مالی معاونت سے چلنے والے منصوبوں کی پیش رفت اور باہمی تعاون کے مختلف شعبوں پر تبادلہ خیال کیا۔
چیئرمین ایف بی آرنے کنٹری ڈائریکٹر کو ایف بی آر کے ٹرانسفارمیشن پلان کے بارے میں آگاہ کیا جس کا مقصد ایف بی آر کو متحرک، جدید اور بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانا ہے۔
چیئرمین ایف بی آر نے بتایا کہ اصلاحات کا مقصد محصولات میں زیادہ سے زیادہ اضافہ کرنا اور ٹیکس کمپلائنس میں آسانیاں پیدا کرنا ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر نے ایف بی آر کے اقدامات کی مکمل حمایت کا اظہار کیا اور پاکستان میں محصولات بڑھانے کی کوششوں میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔