قابض بھارتی فوج نے جموں کے علاقے اکھنور میں داخلی اور خارجی راستوں کو بند کرکے سرچ آپریشن کیا اور اس دوران 3 نوجوانوں کو شہید کردیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فوج نے ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کی تھی۔ تینوں نوجوانوں کی لاشوں کو لواحقین کے حوالے کرنے کے بجائے پولیس کو دیدیا گیا۔
قابض بھارتی فوج نے الزام عائد کیا کہ یہ نوجوان اکھنور کے علاقے میں بھارتی فوج کی گاڑی پر فائرنگ میں ملوث تھے جنھیں تعاقب کے بعد ایک علاقے میں محصور ہونے پر مجبور کردیا گیا تھا۔
بھارتی فوج کا دعویٰ ہے کہ تینوں نوجوانوں نے گرفتاری دینے کی پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے اہلکاروں پر گولیاں چلادیں۔ اپنے دفاع میں کی گئی جوابی فائرنگ میں نوجوان ہلاک ہوگئے۔
دوسری جانب علاقہ مکینوں اور عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ نوجوان نہتے تھے اور بھارت فوج نے انھیں سرچ آپریشن کے دوران گرفتار کرکے بیدردی سے قتل کیا۔
یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں چپے چپے پر بھارتی فوجیوں کی تعیناتی کے باوجود گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مختلف واقعات میں 2 فوجیوں سمیت کم از کم 12 افراد مارے گئے۔