اسلام آباد:
وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات علی پرویز ملک نے کہا کہ معاشی ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مارکیٹوں میں کمپٹیشن اور شفافیت بہت ضروری ہے۔
سی سی پی کے مطابق وزیر مملکت برائے خزانہ علی پرویز ملک نے بدھ کو کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان کا دورہ کیا اور کاروباری اداروں اور سرمایہ کاری کے لیے یکساں مواقع پیدا کرنے اور صارفین کو مارکیٹ میں استحصالی طریقوں سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے کمپٹیشن کمیشن کے اہم کردار کی نشاندہی کی۔
کمپٹیشن کمیشن کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت علی پرویز نے کمپٹیشن کے قانون میں اصلاحات ، ادارے کی صلاحیت سازی ، عدالتی مقدمات کی فعال پیروی، اور فسران کی تربیت اور کارکردگی کو بڑھانے کے لیے حکومتی تعاون کا یقین دلایا۔
کمپٹیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے وزیر مملکت کو کمیشن کی آپریشنل کارکردگی کا تفصیلی جائزہ فراہم کیا اور تمام ڈیپارٹمنٹ نے اپنی اپنی بریفنگ بھی دی۔ وزیر مملکت کو کمیشن میں جاری انکوائریوں اور اس حوالے سے درپیش قانونی رکاوٹوں اور درپیش چیلنجوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔