کراچی: کھانا تیار نہ کرنے پر حاملہ بیوی کو قتل کر نے والا شوہر گرفتار

مقتولہ اسماء اور ملزم بلال کی شادی 8 ماہ قبل ہوئی تھی


اسٹاف رپورٹر October 30, 2024

کراچی:

کھانا تیار نہ کرنے پر حاملہ بیوی کو قتل کر نے والے شوہر کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

ملزم کے وار سے شدید زخمی ہونے والی بیوی چند روز تک موت اور زندگی کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد چل بسی تھی۔

 ترجمان ایس ایس پی انویسٹی گیشن ڈسٹرکٹ کیماڑی اظہر جاوید کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق گزشتہ ماہ 25 ستمبر کو ملزم حضرت بلال نے اپنی حاملہ بیوی اسما کو چھریوں کے وار کر کے شدید زخمی کیا تھا جو بعدازاں دوران علاج جاں بحق ہوگئی تھی۔

 سائٹ اے پولیس نے واقعہ کا مقدمہ نمبر 479 سال 2024 بجرم دفعہ 302 کے تحت مقتولہ کے بھائی حسن معاویہ کی مدعیت میں رواں ماہ 18 اکتوبر کو درج کیا تھا۔

 مدعی نے بیان دیا تھا کہ میری بہن اسما بی بی دختر رحیم رزاق کی شادی بلال سے کراچی میں 8 ماہ قبل ہوئی تھی جو کہ باوانی سائٹ میں رہائش پذیر تھی، 25 ستمبر کو میرے بہنوئی بلال نے اپنے گھر میں میری بہن اسما بی بی کو دن 2 بجے جان سے مارنے کی نیت سے پیٹ میں چھریاں مار کر شدید زخمی کر دیا تھا۔

مدعی نے کہا کہ اسما کو سول اسپتال کراچی میں داخل کرایا جہاں وہ 2 اکتوبر کو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئی جس کے بعد اس کی تدفین کے لیے میت آبائی گاؤں حیدر آباد لیکر چلے گئے۔

 سائٹ اے پولیس نے مقدمہ درج کر کے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا جس نے خفیہ اطلاع ملنے پر بیوی کے قتل میں ملوث ملزم حضرب بلال کو گرفتار کرلیا۔

 انویسٹی گیشن پولیس نے سفاک قاتل کو عدالت میں بیان کے لیے پیش کیا جہاں اس نے عدالت کے روبرو 164 کا اعترافی بیان قلمبند کرایا ہے، ترجمان کے مطابق ملزم بلال نے عدالت کے روبرو اعترافی بیان میں اپنی بیوی کو معمولی بات پر قتل کرنے کا انکشاف کیا۔

ملزم کا کہنا تھا کہ وہ دوپہر کے وقت گھر آیا اور کھانا مانگا جس پر بیوی نے کہا کھانا ابھی تیار نہیں ہے، اس بات پر طیش میں آکر اس نے بیوی کو چھریاں ماریں اور اس دوران مزاحمت پر مجھے بھی گردن پر بھی چھری لگ گئی تھی۔

 ایس آئی او سائٹ اے راجہ غضنفر نے بتایا کہ زخمی ہونے کے بعد ملزم علاج کرا کر دوست کے گھر روپوش ہوگیا تھا تاہم پولیس نے خفیہ ذرائع سے ملنے والی اطلاع پر ملزم کو سائٹ ایریا باوانی چالی کے قریب چھاپہ مار کر گرفتار کرلیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں