بالی وڈ کی دو بڑی فلموں سنگھم اگین اور بھول بھلیاں 3 کے درمیان ہونے والا دیوالی کا بڑا تصادم اب صرف 48 گھنٹے کی دوری پر ہے اور شائقین میں زبردست جوش پایا جاتا ہے۔ تاہم، سینما مالکان کے درمیان شو شیئرنگ کے معاملے نے ایک نیا موڑ اختیار کیا، جسے بالآخر 29 اکتوبر کو حل کرلیا گیا۔
بالآخر، سنگھم اگین کو 60 فیصد جبکہ بھول بھلیاں 3 کو 40 فیصد شوز الاٹ کیے گئے ہیں، جو کہ ملک بھر کے بڑے سینما گھروں میں لاگو ہوگا۔ تاہم، کچھ سنیما گھر جیسے کہ سینی پولس میں سنگھم اگین کو 58فیصد اور بھول بھلیاں 3 کو 42فیصد شوز دیے گئے ہیں۔
اس بار سنگل اسکرین سنیما گھروں میں بھی شوز کی تقسیم میں انوکھا اضافہ دیکھنے میں آئے گا، جہاں چند مقامات پر پانچ شوز روزانہ دکھائے جائیں گے، جو کہ ایک غیر معمولی بات ہے۔
دیوالی کی اس بڑی فلمی جنگ میں شائقین کو مہنگے داموں ٹکٹ خریدنے کے لیے تیار رہنا ہوگا۔ مثال کے طور پر، PVR Maison، جیو ورلڈ ڈرائیو، ممبئی میں سنگھم اگین کے پرائم پلس کلاس کی نشستوں کی قیمت 1080 روپے رکھی گئی ہے، اور پھر بھی یہ شوز تیزی سے فروخت ہو رہے ہیں، جو کہ عوام کی زبردست دلچسپی کا مظہر ہے۔