کراچی:
آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستان اسکواڈ میں شامل 6 کرکٹرز 2 سے 6 نومبر تک نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں ٹریننگ کریں گے۔
میزبان آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز 14 سے 18 نومبر تک کھیلی جائے گی، کراچی میں لگنے والے تربیتی کیمپ میں جہانداد خان، محمد عباس آفریدی، عمیر بن یوسف، صاحبزادہ فرحان، سفیان مقیم اور عثمان خان شرکت کریں گے، کیمپ کے لیے مزکورہ کھلاڑی جمعے کی شام جمع ہوں گے۔
کوچ سعید بن ناصر کی زیر نگرانی پانچ روزہ کیمپ میں کھلاڑی مختلف تربیتی سیشنز میں حصہ لیں گے، کیمپ میں عبدالسعد معاون کوچ، امتیاز خان فزیو اور تیمور محمود ٹرینر کی ذمہ داری ادا کریں گے، کیمپ کے اختتام پر کھلاڑی 10 نومبر کو آسٹریلیا روانہ ہونے سے قبل اپنے شہروں کو چلے جائیں گے۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا کے خلاف پاکستان ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ محمد رضوان (کپتان)، عرفات منہاس، بابر اعظم، حارث رؤف، حسیب اللہ، جہانداد خان، محمد عباس آفریدی، محمد عرفان خان، نسیم شاہ، عمیر بن یوسف، صاحبزادہ فرحان، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، سفیان مقیم اور عثمان خان پر مشتمل ہے۔