حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں اضافہ کردیا

وزارت خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، جس کا اطلاق اگلے 15 روز کے لیے ہوگیا


ارشاد انصاری October 31, 2024

اسلام آباد:

وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرتے ہوئے پیٹرول فی لیٹر ایک روپے 35 پیسے مہنگا کردیا۔

وزارت خزانہ سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، جس کے مطابق پیٹرول 1.35روپے، ہائی اسپیڈ ڈیزل آئل 3.85روپے فی لیٹر مہنگا ہوگیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کا تیل 1.48روپے اور لائٹ ڈیزل آئل2.61 روپے فی لیٹر سستا کر دیا گیا ہے۔

پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق رات بارہ بجے سے ہوگا اور اگلے 15 روز کے لیے اس کا نفاذ ہوگا۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں ہونے والی کمی بیشی کے تناظر میں کیا گیا ہے۔

قیمتوں کے اضافے کے بعد پٹرول کی قیمت 247.03 روپے فی لیٹر سے بڑھ کر248.38 روپے فی لیٹر، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت251.29 روپے فی لیٹر سے بڑھ کر255.14 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت163.02 روپے فی لیٹر سے کم ہوکر 161.54روپے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت150.12 روپے فی لیٹر سے کم ہو کر147.51 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں