مخصوص نشستیں؛ پختونخوا حکومت کا الیکشن کمیشن کیخلاف رِٹ پٹیشن دائر کرنے کافیصلہ

الیکشن کمشنر کے متعصبانہ رویے نے پی ٹی آئی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے، صوبائی مشیر اطلاعات


ویب ڈیسک November 08, 2024
(فوٹو: فائل)

پشاور:

 

خیبر پختونخوا حکومت نے الیکشن کمیشن کے خلاف پشاور ہائی کورٹ میں رِٹ پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
 
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا  بیرسٹر سیف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے الیکشن کمیشن کے خلاف پشاور ہائی کورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ رٹ پٹیشن مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو نہ دینے کے خلاف دائر کیا جائے گی۔
 
بیرسٹر سیف نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے اکثریتی فیصلے کے  باوجود مخصوص نشستوں کا نوٹی فکیشن جاری نہیں کیا ہے۔ خیبر پختونخوا کی سینیٹ کی نشستوں پر انتخابات کے لیے شیڈول بھی تاحال جاری نہیں کیا گیا ہے۔
 
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ رِٹ پٹیشن کی منظوری گزشتہ روز وزیراعلیٰ کی زیرصدارت کابینہ اجلاس میں دی گئی ہے۔ کابینہ نے پٹیشن دائر کرنے کے لیے ایڈووکیٹ جنرل کو اجازت دیدی ہے۔ سپریم کورٹ کے 8 ججز نے مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
 
صوبائی مشیر اطلاعات کے مطابق الیکشن کمیشن پہلے تاخیری حربے استعمال کررہا تھا، اب کھلم کھلا سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔ الیکشن کمشنر کے متعصبانہ رویے نے پی ٹی آئی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ اعلیٰ عدلیہ کی حکم عدولی پر الیکشن کمشنر توہینِ عدالت اور آرٹیکل 6 کے مرتکب ہوچکے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں