کوالالمپور ائرپورٹ پر پھنسے پاکستانی بالآخر پانچ دن کے بعد وطن کے لیے روانہ ہو گئے، اس موقع پر انہوں نے ایکسپریس نیوز کا شکریہ ادا کیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ملائیشیا سے پاکستان آنے کے لیے 350 سے زائد پاکستانی مسافر طیارے کی عدم دستیابی کی وجہ سے کوالالمپور ائیرپورٹ پر محصور تھے۔ باتک ائیر کی پرواز او ڈی 131 کوالالمپور سے لاہور آنی تھی جس میں ائیربس 330 ساختہ طیارے کے ذریعے ان افراد کو آنا تھا، تاہم 5 دن گزرنے کے باوجود ان کی واپسی نہیں ہوئی تھی۔
پرواز کے مسافروں کا ایکسپریس نیوز سے گفتگو میں کہنا تھا کہ مسافروں میں خواتین اور گود کے بچوں کے علاوہ ضعیف العمرا فراد کی بھی کافی تعداد شامل ہے۔ ائیرلائن کے پاس پاکستان پرواز اڑانے کے لیے طیارہ دستیاب نہیں ہے، ایک جہاز کا بڑی مشکل سے بندوبست کیا گیا مگر عین اڑان کے وقت طیارے کے انجن میں تکنیکی خرابی پیدا ہوگئی اور مسافروں کو دوبارہ ابتدا میں اتار کر ائیرپورٹ کے لاؤنج اور پھر ہوٹل منتقل کردیا گیا۔
بعد ازاں 5 دن محصور رہنے کے بعد کوالالمپور ائرپورٹ پر پھنسے مسافر وطن کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔ دستیاب پرواز کے ذریعے مجموعی طورپر 368 مسافر پاکستان روانہ ہوئے ہیں۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ ان میں سے بیشتر کے پاس اب مزید پیسے ختم ہو چکے تھے۔
مسافروں کا لگیج کسی اور پرواز سے پہلے ہی روانہ کیا جا چکا تھا، جس کی وجہ سے وہ پہنے ہوئے کپڑوں ہی میں کئی دن سے ائرپورٹ پر محصور تھے۔
دستیاب پرواز کے ذریعے وطن آنے والے مسافروں نے خبر اجاگر کرنے پر ایکسپریس نیوز کا شکریہ ادا کیا ہے۔ مسافروں نے حکومت پاکستان کا بھی شکریہ ادا کیا۔