واٹربورڈ میں تین اہم عہدوں پر تعینات افسر کومبینہ سنگین بدعنوانیوں کے الزامات پر ہٹادیا گیا

ایم ڈی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی ہدایت پر ادارے کے اہم عہدوں پر موجود افسران کے تبادلے کردیے گئے


اسٹاف رپورٹر November 08, 2024

ادارہ فراہمی ونکاسی آب میں تین انتہائی اہم عہدوں پر تعینات دلاور جعفری کو مبینہ سنگین بدعنوانیوں کے الزامات پر تمام عہدوں سے برطرف کردیا گیا،کئی ماہ سے تقرری کے منتظراور سینئر افسر تابش رضا حسنین اورایگزیکٹیو انجینئر شاہ فیصل کالونی ظہیر شیخ کو ذمہ داری دے دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق ایم ڈی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن انجینئر صلاح الدین کی ہدایت پر ادارے کے اہم عہدوں پر موجود افسران کے تبادلے کردیے گئے ہیں جس میں بالخصوص دلاور جعفری سے تینوں اہم عہدوں کے چارج واپس لے لیےگئے ہیں، دلاور جعفری واٹر کارپوریشن میں تین اہم عہدوں پر تعینات تھے جس میں ایگزیکٹیو انجینئر سب سوائل واٹر،سپریٹنڈنٹ انجینئر سب سوائل واٹر اور انچارج اینٹی تھیفٹ سیل کا عہدہ شامل ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ افسر نے ایم ڈی واٹر کارپوریشن کے اعتماد کو ایک مرتبہ پھر بری طرح سے نقصان پہنچایا ہے، ذرائع کا کہنا ہے سب سوائل واٹر کے مبینہ لائسنس کے اجرا میں سنگین بے قاعدگیوں کے ساتھ ساتھ پانی چور مافیا کیخلاف کارروائی کے بجائے مبینہ سرپرستی کے الزامات پر دلاور جعفری کو تمام عہدوں سے برطرف کیے جانے کا الزام بتا یا جا تا ہے۔

دلاور جعفری کی جگہ کئی ماہ سے تقرری کے منتظر اور ادارے کے سینئر افسر تابش رضا حسنین کو ایکسیئن اور ایس ای سب سوائل واٹر کے عہدوں پر تعینات کیا گیا ہے جبکہ ظہیر شیخ کو انچارج اینٹی تھیفٹ سیل تعینات کیا گیا ہے۔

ظہیر شیخ اس سے قبل ایکسئن شاہ فیصل ڈویژن تعینات تھے اور اب مذکورہ عہدے پرعلی احمد کو اضافی چارج دیا گیا ہے۔ 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں