کراچی: سپر ہائی وے کچرا کنڈی سے لڑکی، کورنگی سے مرد کی گلا کٹی لاشیں برآمد

مقتولہ کی عمر 25 سال کے قریب ہے جبکہ کورنگی سے ملنے والے شخص کی شناخت 35 سالہ انور کے نام سے ہوئی، پولیس


Munawar Khan November 09, 2024
(فوٹو: فائل)

کراچی:

سپر ہائی وے چاکر ہوٹل کے قریب سے کچرا کنڈی سے لڑکی کی تشدد زدہ جبکہ کورنگی میں ایک شخص کی گلا کٹی لاش ملی ہے۔

 تفصیلات کے مطابق سپر ہائی وے چاکر ہوٹل کے قریب کچرا کنڈی سے لڑکی کی لاش ملی جس کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر جائے وقوعہ سے شواہد حاصل کر کے لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا۔

ایس ایچ او سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا خالد عباسی نے بتایا کہ مقتولہ کی عمر 25 سال کے قریب بتائی جاتی ہے جبکہ فوری طور پر اس کی شناخت اور وجہ موت کا تعین نہیں ہوسکا تاہم پولیس شناخت کے حوالے سے بائیو میٹرک سسٹم کی مدد حاصل کر رہی ہے، مقتولہ کی وجہ موت کا تعین پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی ہو سکے گا۔

پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد مقتولہ کی لاش تلاش ورثا کے لیے سرد خانے میں رکھوا دی ہے اور اس ضمن میں پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

دریں اثنا کورنگی گودام چورنگی پیٹرول پمپ کے قریب سے ایک شخص کی گلا کٹی لاش ملی جس کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر جائے وقوعہ سے شواہد حاصل کرنے کے بعد لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دی۔

ایس ایچ او کورنگی صنعتی ایریا عامر رفیق نے بتایا کہ واقعہ مغرب کے بعد اندھیرے میں پیش آیا ہے اور ابتدائی معلومات کے مطابق مقتول کے ہمراہ 2 افراد تھے اور شبہ ہے کہ انھوں نے ہی کسی زاتی رنجش کی بنا پر 35 سالہ محمد انور کو گلے پر تیز دھار آلے کے وار سے قتل کیا ہے۔

مقتول کے قبضے سے ملنے والے پرس سے 12 سو روپے نقدی اور جائے وقوعہ سے 2 چھریاں بھی ملی ہیں جنھیں پولیس نے قبضے میں لے لیا ہے ، مقتول کا آبائی تعلق سبی سے تھا تاہم فوری طور اس کراچی میں رہائش کا پتہ نہیں چل سکا۔

اس حوالے سے پولیس جائے وقوعہ سے اطراف میں نصب کلوز سرکٹ کیمروں کو تلاش کر رہی ہے تاکہ ان کی فوٹیجز سے ملزمان اور واردات سے متعلق مزید آگاہی حاصل ہو سکے ، پولیس نے مقتول کی لاش ضابطے کی کارروائی کے بعد تلاش ورثا کے لیے سرد خانے میں رکھوا دی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔