LONDON:
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ اسموگ کا مسئلہ سالوں کا ہے جس پر قابو پانے میں چند سال لگیں گے۔
لندن میں نواز شریف کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ اسموگ کا مسئلہ سالوں سے ہے اور یہ فوری طور پر حل نہیں ہوسکتا، پنجاب حکومت تدارک کیلیے تمام اقدامات اٹھارہی ہے اور امید ہے کہ ہم اس پر قابو پالیں گے۔
مریم نواز نے واضح کیا کہ اسموگ پر قابو پانے کے حوالے سے اقدامات کررہے ہیں اور اس میں چند سال لگیں گے لیکن انشاء اللہ مسئلہ حل ہوجائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ میرا یہاں علاج چل رہا ہے اور اللہ کا شکر ہے میں ٹھیک ہوں۔ مریم نواز نے کہا کہ ائیر پنجاب سروس لانچ کرنے چاہیے، اس پر سوچ بچار جاری ہے۔
مزید پڑھیں: نواز شریف کا بھارت کو تعلقات میں بہتری کیلیے کرکٹ ٹیم پاکستان بھیجنے کا مشورہ
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں بہت پوٹینشل ہے، محنت کرنے والے اور مخلص لوگ چاہیے، پاکستان کو استحکام چاہیے اور اب پاکستان مشکلات سے نکلتا ہوا نظر آرہا ہے کیونکہ اب اچھی خبریں اور معیشت بہتر ہوتی نظر آرہی ہے، مجھے پوری امید ہے پاکستان اس مشکل وقت سے نکل جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ نے 96000 پوائنٹس کی حد عبور کی جبکہ مہنگائی کم ہورہی ہے، نوازشریف کی سابقہ حکومت کے بعد اب پہلی دفعہ مہنگائی میں کمی دیکھنے کو مل رہی ہے اور یہ 7 سال بعد کم ہوئی ہے۔