پشاور:
ایف آئی اے (آٹومیٹڈ ٹیلر مشین) میں جعلی بایو میٹرک ڈیوائسز فکس کرکے لوگوں کے اکاؤنٹ سے رقومات نکالنے والے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل ڈیرہ اسماعیل خان نے اے ٹی ایم فراڈ میں ملوث منظم گروہ پر چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے مرکزم ملزم عرفان خان کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم کو ڈی آئی خان سے گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزم اور اس کے ساتھی سیلیکون تھمبز بنا کر لاکھوں روپے کا فراڈ کرنے میں ملوث پائے گئے، یہ گروہ مختلف بینکوں میں اے ٹی ایم مشینوں کے ساتھ بایو میٹرک ڈیوائسز لگا کر صارفین کا بایو میٹرک نشان حاصل کرتے تھے بعدازاں صارفین کے سیلیکون تھمز استعمال کرتے ہوئے اے ٹی ایم سے رقم نکلواتے تھے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گروہ گزشتہ 3 سال سے فراڈ میں سرگرم تھا، یہ گروہ لاکھوں روپے کے فراڈ میں ملوث ہے، ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے جب کہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔