پنجاب میں اسموگ کے باعث نظام درہم برہم جہاں حکومت نے مصنوعی بارش کی مقامی ٹیکنالوجی کا کامیاب تجربہ کیا اور محکمہ موسمیات نے بارش کی تصدیق بھی کردی۔
حکومت پنجاب نے دعویٰ کیا کہ ٹیکنالوجی کے میدان میں پنجاب ایک بار پھر آگے نکل گیا اور مصنوعی بارش کی مقامی ٹیکنالوجی کا کامیاب تجربہ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے تصدیق کردی کہ جہلم، چکوال، تلہ گنگ اور گوجر خان میں 'سیڈ کلاوڈنگ' کے نتیجے میں جہلم اور گوجر خان میں بارش ہوئی ہے۔
ماہرین نے بتایا کہ دوپہر دو بجے 'کلاوڈ سیڈنگ' کی گئی تھی جس سے جہلم اور گوجر خان میں چند گھنٹوں بعد بارش ہوئی اور 'کلاوڈ سیڈنگ' کے اثرات لاہورمیں بھی بارش کی صورت برآمد ہونے کا قوی امکان ہے۔
ماہرین نے اظہار مسرت کیا اور کہا کہ مصنوعی بارش سے اسموگ میں کمی لانے میں بڑی مدد ملے گی۔
بیان میں کہا گیا کہ افواج پاکستان کے سائنسی تحقیق اور ترقی کے ماہرین (ایس پی ڈی)، آرمی ایوی ایشن، پارکو، ماحولیاتی تحفظ کے ادارے (ای پی اے) اور حکومت پنجاب نے اشتراک عمل سے مصنوعی بارش کے منصوبے میں کامیابی حاصل کی ہے۔
وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے تمام متعلقہ اداروں اور سائنسی ماہرین کو مصنوعی بارش کے کامیاب تجربے پر مبارک باد اور ان کا کہنا تھا کہ آج آپ کی محنت، لگن اور قابلیت سے صوبہ پنجاب نے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے، پوری قوم آپ پر فخر کرتی ہے۔
سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے عوام اور تمام ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ الحمدللہ، آج بارش کی صورت میں اچھی خبر آئی ہے، گزشتہ برس متحدہ عرب امارات کے تعاون سے مصنوعی بارش برسانے کا تجربہ کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اس بار 100 فیصد اپنی مقامی مہارت اور ٹیکنالوجی سے کامیاب تجربہ کیا گیا۔