آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے 21روزہ ”عوامی تھیٹر فیسٹیول“ کامیابی سے جاری ہے فیسٹیول کے آٹھویں روز سرائیکی ڈرامہ ”بے وَس“ پیش کیا گیا۔
لفظ ”بے وَس“ کو اردو میں ”بے بس“ کہا جاتا ہے ڈرامہ کے رائٹر و ڈائریکٹر ظہور ملک تھے، کاسٹ میں شانزے، شمیر راہی، ناصرہ نور، بشیر راہی، فرح خان، آزاد شیخ، شہزاد تھیم، الطاف روکھڑی، طارق فریدی، ظفر تھیم، زلفی کھوکھر، آفتاب ایاز، ملک اظہر، بھگوان داس، عشرت ملک اتے اور منظور ملک شامل تھے۔
ڈرامہ کی کہانی میں دو بے بس غریب خاندان اور ایک ظالم جاگیردار کو دکھایا گیا جاگیردار مسلسل ان پر ظلم کرتا ہے ان کی عزت سے بھی کھیلنے کی کوشش کرتا ہے مگر یہ غریب لوگ اس جاگیردار کے آگے بے بس ہوتے ہیں۔
ایسے میں میڈیا کے نمائندے ان کی آواز بنتے ہیں وہ غریب لوگوں کو سمجھاتے ہیں جب آپ لوگ اپنا کھاتے کماتے ہیں تو ان جاگیرداروں سے کیوں ڈرتے ہیں، حالات حاضرہ کے مطابق ان صحافیوں کو قتل کروا دیا جاتا ہے۔
ڈرامہ میں دکھایا گیا کہ ہمارے ملک میں کس طرح ایک کمزور انسان کی آواز کو دبا دیا جاتا ہے اور جو ان کے حق کے لیے اپنی آواز بلند کرتا ہے وہ بھی جان سے ہاتھ دھو بیٹھتا ہے۔ تھیٹر میں فنکاروں کی شاندار پرفارمنس کو شائقین نے خوب سراہتے ہوئے تالیاں بجا کر داد دی۔