انسدادِدہشت گردی عدالت اسلام آباد نے بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے خلاف دہشت گردی مقدمات میں حاضری سے متعلق سپرٹینڈنٹ اڈیالہ جیل سے رپورٹ طلب کرلی۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے عمران خان اور دیگر رہنماوں کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج 6 مقدمات کی سماعت کی۔ عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی حاضری کے حوالے سے سپرٹینڈنٹ اڈیالہ جیل سے رپورٹ طلب کرلی۔
تھانہ سنگجانی کے مقدمہ میں علی نواز اعوان، عامر مغل و دیگر غیر حاضر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے گئے۔ تھانہ رمنا میں درج مقدمات میں حماد اظہر، مراد سعید ،فرخ حبیب، واثق قیوم و دیگر غیر حاضر ملزمان کے وارنٹ کی تعمیلی رپورٹ بھی طلب کی گئی۔
تھانہ سی ٹی ڈی، تھانہ سنگجانی ،تھانہ رمنا ، میں کیسز کی سماعت 2 دسمبر تک جبکہ تھانہ گولڑہ اور بارہ کہو میں درج مقدمات کی سماعت 9 دسمبر تک ملتوی کردی گئی۔ عامر محمود کیانی و دیگر حاضر ملزمان کی حاضری لگائی گئی۔