سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی ہدایات پر کراچی شہر میں غیر قانونی داخل ہونے والی بڑی گاڑیوں کے خلاف آپریشن کا سلسلہ جاری ہے، محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کی جانب سے اگست 2024 سے جاری آپریشن میں اب تک قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر 1392 گاڑیوں کو چالان کر کے مجموعی طور پر 44 لاکھ 28 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے 80 گاڑیاں تحویل میں لے لی گئیں اور 58 روٹ پرمٹس معطل کر دیے گئے، قوانین کی خلاف ورزیوں پر 18 ٹرانسپورٹرز کو وارننگز جاری کر دی گئی۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات کا مقصد تمام ٹرانسپورٹ سرگرمیوں کو قانونی معیارات کے مطابق لانا ہے، غیر قانونی بس اڈوں کے خلاف آپریشن سے کراچی کی سڑکوں پر ٹریفک کے دباؤ میں بہت کمی آئی ہے۔
ایک بیان میں سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حکومت سندھ بلا تفریق قانون کے نفاذ کے لیے پر عزم ہے ، خلاف ورزی کرنے والوں کو سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا، ہماری اولین ترجیح غیر قانونی اور غیر محفوظ گاڑیوں کو سڑکوں سے ہٹانا اور شہریوں کی پریشانی کا خاتمہ یقینی بنانا ہے ۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ عوام حکام سے تعاون کریں اور ٹرانسپورٹرز قوانین پر سختی سے عمل کریں۔