پاک بحریہ کے کمانڈر کی سری لنکن بحریہ کے ڈی جی آپریشنز سے مشاورت، غیرقانونی سرگرمیاں روکنے پر اتفاق

سری لنکا بحریہ ٹیم کو CTF-154 کی آئندہ کمانڈ کے لیے پاکستان بحریہ کے مکمل تعاون اور حمایت کا اعادہ کیا


اسٹاف رپورٹر November 18, 2024

پاک بحریہ کے کموڈور عاصم سہیل ملک، کمانڈر کمبائنڈ ٹاسک فورس 150، نے سری لنکن بحریہ کے ڈائریکٹر جنرل آپریشنز ریئر ایڈمرل بدھیکا لیاناگاماگے کے ساتھ آن لائن مشاورت کی جس میں سمندر کے اندر اسمگلنگ اور غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے پر اتفاق کیا گیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق اس میٹنگ میں کمبائینڈ میری ٹائم فورسز کے مقاصد کو تقویت دینے اور سمندر میں غیر قانونی بحری سرگرمیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے CTF-150  کے مشن کی حمایت میں سری لنکن بحریہ کے ساتھ تعاون کے مزید امکانات پر غوروفکر کیا گیا۔

ملاقات کے دوران کموڈور عاصم سہیل ملک نے سری لنکن نیوی کے ڈی جی آپریشنز کو پاک بحریہ کی 13ویں کمانڈ کے دوارن CTF-150  کی آپریشنل سرگرمیوں سے آگاہ کیا اور نان سٹیٹ ایکٹرز کی طرف سے لاحق خطرات سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون پر مبنی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔

مزید برآں،CTF-150  میں سری لنکن بحریہ کے اثاثوں کی ممکنہ شرکت پر بھی دونوں فریقوں نے اتفاق کیا کیونکہ شمالی بحیرہ عرب میں منشیات کی اسمگلنگ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے ساحلی ریاستوں کے ساتھ CMF کا تعاون بہت ضروری ہے۔ کمانڈر CTF 150 نے خطے میں بحری امن اور استحکام کے لیے پاکستان بحریہ کے عزم کو بھی اجاگر کیا اور سری لنکا بحریہ ٹیم کو CTF-154 کی آئندہ کمانڈ کے لیے پاکستان بحریہ کے مکمل تعاون اور حمایت کا اعادہ کیا۔

ملاقات کے دوران کمبائینڈ میری ٹائم فورسز ہیڈکوارٹرز میں پاکستان اور سری لنکا کے سینئر قومی نمائندوں اور سری لنکن نیوی کے اہم حکام بھی موجود تھے۔ یہ اہم ملاقات پاک بحریہ اور سری لنکن نیوی کے علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی کے لیے دوطرفہ عزم کی مظہر ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں