یہ جنگ خان کی آزادی کی نہیں ملک کے لیے ہے، بشریٰ بی بی کی آڈیو سامنے آگئی

احتجاج میں ورکرز ہی نہیں عوام کو بھی لانا ہے،انٹرنیٹ بند ہوئے تو متبادل بندوبست کرنا ہوگا، عمران خان کا پیغام پہنچایا


ویب ڈیسک November 18, 2024

پشاور:

پشاور: پی ٹی آئی اجلاس سے خطاب کی بشری بی بی کی آڈیو سامنے آگئی جس میں وہ کارکنوں کو عمران خان کا پیغام دے رہی ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سامنے آئے آڈیو پیغام میں بشریٰ بی بی نے کہا کہ آپ لوگوں کو گاڑیوں کی ویڈیو بنانی ہے جس میں عام عوام بھی نظر آئے، احتجاج میں صرف ورکرز ہی نہیں عوام کو بھی لے کر جانا ہے، انٹرنیٹ بند ہوں گے تو متبادل بندوبست کرنا ہوگا، سوشل میڈیا، یوٹیوبرز قافلوں کی ویڈیو ساتھ ساتھ شیئر کریں عوام تک پیغام جانا چاہیے۔

بشریٰ بی بی نے کہا کہ کوئی ورکر زخمی ہوجائے تو حلقے کا ایم این اے یا ایم پی اے اس کا خیال کرے گا، زخمی ورکرز کو اکیلا نہیں چھوڑنا ہے اس کا اور اس کے گھر کا بھی خیال رکھنا ہے۔

بشریٰ بی بی نے کہا کہ گرفتاری کا معاملہ نہیں چلے گا، کسی کے پاس ثبوت کے طور پر ویڈیو نہیں ہوگی، یہ جنگ خان کی آزادی کی نہیں ملک کے لیے جنگ ہے، سچا مسلمان غیرت مند، اپنے لیڈر اور اپنے ملک سے وفا کرنے والا ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قافلے میں انٹرنیشنل میڈیا کو ساتھ رکھنا ہے، خود بھی گرفتاری نہیں دینی اور ورکرز کو بھی گرفتاری سے بچانا ہے، 24 نومبر احتجاج خان سے وفا کا امتحان ہے، ٹیپو سلطان کی کہانی پڑھی ہوئی تو معلوم ہوگا میر جعفر اور میر صادق کیوں بنے، جب گروپ بنتے ہیں تو پھر میر جعفر اور میر صادق پیدا ہوتے ہیں۔

انہوں ںے کہا کہ ہم نے بچپن سے سنا ہے پٹھان ایک غیرت مند قوم ہے، خان کو آپ لوگوں سے امید ہے، ارکان اسمبلی اور عہدے دار 
کوشش کریں تو 5 لاکھ لوگ 24 نومبر کو نکل سکتے ہیں، ہمارا لیڈر عمران خان ہے اور خان کے ہوتے ہوئے گروپنگ کرنے والے خان کے وفادار نہیں، اس وقت گروپنگ کا مطلب خان سے وفاداری نہیں ہے۔

بشریٰ بی بی نے کہا کہ شاہین اور گدھ میں فرق ہے گدھ شاہین کے ساتھ اڑتا ہے لیکن شاہین کا مقابلہ نہیں کرسکتا، گدھ کی لالچ ہوتی ہے شاہین کا مقصد پرواز کے لیے ہوتا ہے، پٹھان ایک غیرت مند اور جہادی قوم ہے۔

بشری بی بی نے 9 منٹ تک خطاب کیا، بشریٰ بی بی کا خطاب ختم ہوتے ہی عمران خان کی رہائی کے لیے نعرے لگائے گئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں