کھلے سمندر میں آپریشن، اربوں روپے کی منشیات پکڑی گئی

تیز رفتار اسپیڈ بوٹس کے ذریعے منشیات کی بھاری کھیپ کو سمندرمیں کسی نامعلوم مقام پر موجود مدرشپ پرمنتقل کیا جانا تھا


آفتاب خان November 19, 2024

کراچی:

اینٹی نارکوٹکس فورس نے کھلے سمندرمیں پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے ساتھ مشترکہ انسداد منشیات آپریشن کے دوران 27 ارب 80 کروڑ روپے مالیت کی 962 کلو گرام چرس اورکرسٹل قبضے میں لے لی۔

تیز رفتار اسپیڈ بوٹس کے ذریعے منشیات کی بھاری کھیپ کو سمندرمیں کسی نامعلوم مقام پر موجود مدرشپ پرمنتقل کیا جانا تھا، اکثر و بیشتر کارروائی سے بچنے کے لیے ڈرگ اسمگلرز منشیات کو سمندربرد کرنے اورکشتیوں کوآگ لگانے کے حربے بھی استعمال کرتے ہیں۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق پاک بحریہ اورپاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے ساتھ مشترکہ آپریشن انسداد منشیات آپریشن کے دوران کھلے سمندرمیں رواں سال کی بڑی کارروائی عمل میں لائی گئی جس کے دوران 871 کلو گرام چرس اور 91 کلوگرام کرسٹل تحویل میں لی گئی۔

پکڑی جانے والی منشیات کی مالیت27 ارب 80 کروڑ روپے پاکستانی کے لگ بھگ ہے،ترجمان اے این ایف کے مطابق شمالی بحیرہ عرب میں 2 مشکوک اسپیڈبوٹس منشیات کی بڑی کھیپ کی نقل وحرکت میں ملوث پائی گئیں۔

دوران سرچنگ ان اسپیڈ بوٹس کو تلاشی کیلیے روکا گیاجس کے دوران ڈرگ سے لدی کشتی پر سوار اسمگلرزکی محدود تعداد نے سمندرمیں چھلانگیں لگادیں اورکارروائی سے بچنے کیلیے دوسری اسپیڈ بوٹ کے ذریعے راہ فرار اختیار کی۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس،پاکستان نیوی اورپی ایم ایس ایس اے کیساتھ  سمندر میں مربوط انسداد منشیات آپریشن کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں