پنجاب حکومت نے قیدیوں کی سیاسی گفتگو پر پابندی کالعدم قرار دینے کے فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی۔
چیف کمشنر اسلام آباد کے بعد پنجاب حکومت نے بھی قیدیوں کی سیاسی گفتگو پر پابندی کالعدم قرار دئیے جانے کے فیصلے کے خلاف درخواست دائر کر دی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے پنجاب حکومت کی درخواست پر نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے درخواست پر سماعت کی۔ پنجاب حکومت کی سنگل بنچ کا فیصلہ معطل کرنے کی استدعا پر فوری ریلیف نہ مل سکا۔ جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان کا فیصلہ معطل کرنے کی متفرق درخواست پر بھی نوٹس جاری کر دئیے گئے۔
عدالت نے پنجاب حکومت کی درخواست چیف کمشنر اسلام آباد کی درخواست کے ساتھ یکجا کر دی۔ چیف کمشنر اسلام آباد اور پنجاب حکومت کی درخواستوں پر سماعت کل ہو گی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے قیدیوں کی سیاسی گفتگو کی جیل رولز کی شق کالعدم قرار دی تھی۔