بچوں کو ٹیکنالوجی کے ذریعے استحصال اور بدسلوکی سے بچانا ہوگا، وزیراعلیٰ سندھ

مراد علی شاہ کا بچوں کے خلاف تشدد کی روک تھام کے عالمی دن پر پیغام


اسٹاف رپورٹر November 19, 2024

19 نومبر کو بچوں کے خلاف تشدد کی روک تھام کے دن کے موقع پر پیغام میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ اس سال کا تھیم ’’ تیز رفتار ٹیکنالوجی کے فوائد اور نقصانات، بچوں کو جنسی استحصال اور زیادتی سے بچانا‘‘ ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ٹیکنالوجی کے مواقع اور خطرات دونوں کے بارے میں آگاہی دینے کی ضرورت ہے تاکہ بچوں کو اپنا تحفظ کرنے کے قابل بنایا جاسکے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس دن کا مقصد بچوں اور والدین کو یہ سکھانا ہے کہ استحصال سے کیسے بچا جا سکتا ہے۔ تعلیم، شعور اور تفہیم کے ذریعے ہی اس درندگی اور سفاکیت کو معاشرے سے ختم کیا جا سکتا ہے۔

ٹیکنالوجی کے فوائد پر بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس سے زندگی کے کئی شعبوں میں آسانیاں پیدا ہوئی ہیں تاہم بچوں کی حفاظت کا نیا چیلنج بھی درپیش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگردرست قوانین اور اقدامات کا اطلاق کیا جائے تو جدید ٹیکنالوجیز بچوں کے تحفظ کا اہم ہتھیار ثابت ہوسکتی ہیں۔

مراد علی شاہ نے والدین اور اساتذہ پر زور دیا کہ وہ بچوں کو ٹیکنالوجی کے ذمہ دارانہ استعمال کی تعلیم دیں۔ انہوں نے کہا کہ معصوم بچوں کے ساتھ زیادتی کو روکنے کے لیے آگاہی دینا ضروری ہے۔ بچوں کا تحفظ ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔

 وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ان کی حکومت نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے بچوں کی حفاظت کے لیے نئے اقدامات اٹھائے ہیں اور حکومت بچوں کو ہر قسم کے استحصال اور تشدد سے بچانے کےلیے پر عزم ہے۔ ہمیں بچوں کو ہر حال میں ایسا ماحول فراہم کرنا ہوگا جس میں وہ وقار اور آزادی کے ساتھ نشوونما پا سکیں۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ والدین اور تعلیمی اداروں کو پاکستان کے  روشن مستقبل  کے لیے اپناکردار ادا کرنا  ہوگا۔ بچے ہمارے ملک کا مستقبل ہیں اور ان کی حفاظت ، بہبود اور صحت کو یقینی بنانا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں