بالی ووڈ کی مشہور فلم کرن ارجن، جس میں شاہ رخ خان اور سلمان خان نے مرکزی کردار ادا کیے تھے، 29 سال بعد ایک شاندار ری-ریلیز کے لیے تیار ہے۔
فلم کے ہدایتکار راکیش روشن نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں فلم کی شوٹنگ کے دوران پیش آنے والے دلچسپ واقعات شیئر کیے۔
راکیش روشن نے بتایا کہ شوٹنگ کے دوران کوئی ہوٹل دستیاب نہیں تھا، اس لیے قریب واقع ایک زیر تعمیر آشرم کو ہوٹل میں تبدیل کیا گیا۔ انہوں نے کہا، "شاہ رخ اور سلمان 15×15 فٹ کے کمروں میں رہے۔ میں نے آشرم والوں کو پیسے دیے اور کہا کہ ہر کمرے میں باتھ روم بنا دو۔"
راکیش روشن نے کہا کہ اُس وقت فلمسازی آسان اور سادہ تھی۔ "شاہ رخ اور سلمان کے کمروں میں ایئرکنڈیشنر اور چھوٹے باتھ رومز تھے، لیکن کسی کو کوئی شکایت نہیں تھی۔"
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ خود صبح سویرے دونوں ستاروں کو جگانے جاتے تھے۔ "شاہ رخ کو اٹھانا بچوں کی طرح لگتا تھا، اور سلمان تکیہ لے کر منہ ڈھانپ لیتے تھے۔ میں ان کے تیار ہونے تک ان کے کمرے سے باہر نہیں آتا تھا۔"
کرن ارجن 22 نومبر 2024 کو دنیا بھر میں دوبارہ ریلیز کی جا رہی ہے۔ اس ریلیز کے لیے ایک خصوصی ٹریلر بھی جاری کیا گیا ہے، جس میں ریتھک روشن کی آواز شامل ہے۔ فلم کے مداح اور پوری ٹیم اس دوبارہ ریلیز کے لیے بے حد پرجوش ہیں۔