پشاور:
خیبر پختونخوا میں خناق خطرناک صورت اختیار کرگیا، جس سے متاثرہ 26 بچے جاں بحق ہو گئے۔
صوبائی محکمہ صحت کے مطابق خیبرپختونخوا میں خناق خطرناک حد تک پھیلاؤ اختیار کر چکا ہے، جس سے اب تک 26 بچے جاں بحق ہو گئے ہیں۔ جب کہ صوبے میں رواں سال 380 بچے خناق سےمتاثر ہوئے ۔
حکام کا کہنا ہے کہ مرض خناق میں پشاور سرفہرست ہے، جہاں سب سے زیادہ 12 بچے موت کے منہ میں چلے گئے۔ نوشہرہ اور چارسدہ میں 3،۔ 3 جب کہ ضلع مہمند میں 2 بچے جاں بحق ہوئے۔
جان کی بازی ہارنے والے بچوں میں زیادہ تر کی عمریں 5 سال سے زیادہ ہیں۔ خناق سے خیبرپختونخوا کے 27 اضلاع کی 228 یونین کونسلیں متاثر ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ بچوں نے پیدائشی حفاظتی ٹیکہ جات کے کورس مکمل نہیں کیے۔