شہر قائد میں ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک اور شہری جاں بحق ہوگیا۔
جمعہ اورہفتہ کی درمیانی شب حیدری مارکیٹ تھانے کے علاقے نارتھ ناظم آباد فائیو اسٹارچورنگی فلائی اوور پر مسلح ڈکیتوں کی فائرنگ سے ایک شخص شدید زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر اسٹیڈیم روڈ پرواقع نجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔
مقتول کی شناخت 30 سالہ سلمان ولد انوار کے نام سے کی گئی، مقتول لیاقت آباد نمبرایک رحمانیہ مسجد کے قریب کا رہائشی اورکیٹرنگ کا کام کرتا تھا، مقتول سلمان چار بچوں کا باپ تھا۔
فائرنگ کے وقت مقتول سلمان کے ساتھ دوست بلال بھی موجود تھا، مقتول کے دوست بلال نے میڈیا کو بتایا کہ ہم ناظم آباد بلاک ایل میں اپنے مشترکہ دوست کے گھرسے اپنے گھر جا رہے تھے کہ فائیو اسٹار فلائی اوور پر دو موٹر سائیکل سوار چار ڈکیتوں نے لوٹ مارکی کوشش کی۔
مزاحمت پرمسلح ملزمان نے فائرنگ کردی، مسلح ملزمان مقتول سلمان کا پرس اورلائسنس یافتہ پستول چھین کر فرار ہوگئے، لوٹ مار کی واردات کے دوران مقتول سلمان کا موبائل فون گر گیا۔
مسلح ملزمان کی ایک گولی سلمان کے سینے کے قریب لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی، پولیس کو جائے وقوع سے ایک گولی اورایک خول ملا ہے، حیدری مارکیٹ پولیس کے مطابق ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کا واقعہ سخی حسن چورنگی سے حیدری جاتے ہوئے فائیواسٹار پل پر پیش آیا۔
پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھا کرکے واردات میں ملوث ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے، رواں سال ڈکیتی مزاحمت پرڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں ںحق ہونے والے شہریوں کی تعداد 102 ہوگئی۔