متحدہ عرب امارات کے قومی دن کی مناسبت سے مسلسل تیسرے روز بھی پورٹ گرینڈ میں تقریب ہوئی۔
تقریب میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حمد عبید ابراہیم سلیم الزابی اور قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی نے شرکت کی، متحدہ عرب امارات کے قومی دن کی مناسبت سے جاری تقریبات کے آخری روز شہریوں کی بڑی تعداد نے پورٹ گرینڈ کا رخ کیا۔
تقریب میں بچے بوڑھے جوان خواتین نے پاک یو اے ای تعلقات کو مزید وسط دینے کی خواہش کا اظہار کیا، شہریوں نے یو اے ای کی ثقافت میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور روایتی کھانوں اور مشروبات سے لطف اندوز ہوئے۔
وزیر ثقافت ذوالفقار شاہ بھی تقریب میں موجود تھے، یو اے ای کے سفیر اور قونصل جنرل نے پورٹ گرینڈ میں جاری میوزک شو کو بھی انجوائے کیا۔
متحدہ عرب امارات کے سفیر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پاکستان اور یو اے ای کے تعلقات صدیوں پرانے ہیں جو دن بدن مضبوط ہورہے ہیں، یو اے ای میں لاکھوں پاکستانی مقیم ہیں جو یو اے ای کی ترقی میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یو اے ای کی عوام بھی پاکستانی بہن بھائیوں سے بے انتہا محبت کرتے ہیں اور یہ محبت وقت کے ساتھ ساتھ بڑھ رہی ہے۔