کراچی چڑیا گھر کی مدھوبالا کو سفاری پارک منتقل کردیا گیا

عالمی ماہرین کی تنظیم فور پاز کی نگرانی میں مدھوبالا کوخصوصی تربیتی کنٹینر میں نیم بیہوشی کی حالت میں منتقل کیا گیا


اسٹاف رپورٹر November 26, 2024
فوٹو: ایکسپریس

کراچی:

کراچی چڑیا گھر کی مشہور ہتھنی مدھوبالا کو سفاری پارک منتقل کرنے کا کامیاب آپریشن مکمل ہوگیا۔

عالمی ماہرین کی تنظیم فور پاز کی نگرانی میں مدھوبالا کو ایک خصوصی تربیتی کنٹینر میں نیم بیہوشی کی حالت میں منتقل کیا گیا۔ اس دوران پولیس اور سٹی وارڈنز کی نفری تعینات رہی جبکہ لیاری ایکسپریس وے، سہراب گوٹھ اور ابوالحسن اصفہانی روڈ پر ٹریفک کلیئر رکھا گیا۔

منتقلی کے بعد ڈاکٹر عامر خلیل نے بتایا کہ مدھو بالا کو مکمل بے ہوش نہیں کیا گیا تھا، اور منتقلی کا عمل مہینوں کی محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مدھوبالا اپنا نیا گھر پسند کرے گی۔ سفاری پارک میں مدھو بالا کے لیے ایک خصوصی انکلوژر اور سوئمنگ پول تیار کیا گیا ہے تاکہ اسے بہتررہائشی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

مدھوبالا کی منتقلی کا فیصلہ دو سال قبل ہتھنی نور جہاں کی موت کے بعد کیا گیا تھا۔مدھو بالا کے ٹرالر کو پولیس موبائلز، فور پاز ٹیم کی گاڑی اور 1122 کی ایمبولینس کے ہمراہ منتقل کیا گیا۔ منتقلی کا عمل کامیابی سے مکمل ہونے پر انتظامیہ نے خوشی کا اظہار کیا۔

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اس موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کے ایم سی نے اپنی ذمہ داری بخوبی نبھائی اور فور پاز کے ساتھ مل کر اس مشکل عمل کو پایۂ تکمیل تک پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ مدھوبالا چڑیا گھر میں محدود جگہ پر رہ رہی تھی، اس لیے اسے سفاری پارک میں منتقل کیا گیا جہاں اس کے لیے کھلا انکلوژر اور سوئمنگ پول بنایا گیا ہے۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ یہ اقدام بچوں کی تفریح اور جانوروں کی فلاح و بہبود کو مدنظر رکھ کر کیا گیا۔

میئر کراچی نے مزید کہا کہ فور پاز کے ساتھ تعلقات مضبوط کرکے پاکستان میں اینیمل ویلفیئر کو فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے پارکس میں مزید جانور لانے کا عزم ظاہر کیا اور کہا کہ تنقید کے باوجود وہ شہریوں کے لیے تفریحی سہولیات مہیا کرنے کے حق میں ہیں۔

مرتضیٰ وہاب نے ایم کیو ایم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کچھ عناصر کے ایم سی کے کام کو روکنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن پیپلز پارٹی عوامی خدمت کا سفر جاری رکھے گی۔سفاری پارک میں اب تین ہتھنیاں موجود ہیں، اور مدھوبالا کو وقت کے ساتھ اپنی بہنوں کے ساتھ شامل کر دیا جائے گا۔

ڈاکٹر عامر خلیل نے بتایا کہ مدھوبالا 15 سال سے کراچی چڑیا گھر میں موجود تھی، اور اسے کامیابی سے منتقل کرنا تمام ٹیم کی محنت کا نتیجہ ہے۔

میئر کراچی نے فور پاز کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے تعاون سے مدھوبالا کے لیے بہتر ماحول فراہم کیا گیا ہے۔میئر نے چڑیا گھر میں شیر کے تین بچوں کی پیدائش اور دیگر جانوروں کی افزائش کے اقدامات کا بھی ذکر کیا۔

بلغارین سفیر نے تقریب میں شرکت کرتے ہوئے ماحول اور جانوروں کی بقا کے لیے عالمی کوششوں پر زور دیا اور کہا کہ ہم سب مل کر دنیا کو ایک بہتر جگہ بنا سکتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں