شرپسندوں کے پرتشدد حملوں میں پنجاب پولیس کا 1اہلکار شہید، 170 سے زائد زخمی ہوئے

شرپسند عناصر نے پنجاب پولیس کی 22 گاڑیوں کو نقصان پہنچایا اور ایک پولیس وین جلائی


ویب ڈیسک November 27, 2024
(فوٹو : فائل)

لاہور:

وفاقی دارالحکومت، راولپنڈی اور اٹک سمیت مختلف اضلاع میں شرپسندوں کے پرتشدد حملوں میں پنجاب پولیس کا ایک اہلکار شہید اور 170 سے زائد زخمی ہوئے۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق شرپسند عناصر کے تشدد اور فائرنگ سے پنجاب پولیس کے متعدد افسران و اہلکار شدید زخمی ہوئے، شرپسند عناصر نے پنجاب پولیس کی 22 گاڑیوں کو نقصان پہنچایا اور ایک پولیس وین جلائی۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ ملک کی اندرونی سرحدوں کی حفاظت کے لیے شہادت پانے والے فورسز کے جوانوں اور بہادر غازیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شرپسند جتھے آتشی اسلحے، اسنائپر رائفلز، پیٹرول بموں اور خطرناک اسلحہ سے لیس تھے، پولیس اور فورسز نے مسلح جتھوں کو کنٹرول کے لیے ہر ممکن تحمل کا مظاہرہ کیا۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس قانون ہاتھ میں لینے والے شرپسند عناصر کو بہرصورت قانون کے کٹہرے میں لائے گی، شرپسندوں کی شناخت و گرفتاری یقینی بنانے کے لیے جیو فینسنگ، سی سی ٹی وی فوٹیجز، فیشئیل ریگنیشن اور جدید ٹیکنالوجی سمیت تمام وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ پنجاب پولیس کا مورال بلند ہے، امن و امان کے قیام، شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

آئی جی پنجاب نے زیر علاج زخمی اہلکاروں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں