جامعہ کراچی کا آرٹیفیشل انٹیلیجنس میں چار سالہ بی ایس پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ

نصاب منظوری کے لیے اکیڈمک کونسل کے ایجنڈے میں شامل


صفدر رضوی November 27, 2024

جامعہ کراچی کی انتظامیہ نے  اے آئی (آرٹیفیشل انٹیلیجنس ) کے ضابطے میں چار سالہ ڈگری پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اے آئی کے ضابطے میں بی ایس پروگرام شعبہ کمپیوٹر سائنس کے تحت شروع کیا جارہا ہے اور پروگرام جامعہ کراچی کی اکیڈمک کونسل سے منظوری کے لیے اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کرلیا گیا ہے۔

اکیڈمک کونسل 3 دسمبر کو وائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کی زیر صدارت منعقد ہورہی ہے واضح رہے کہ اے آئی پر چار سالہ بی ایس ڈگری پروگرام حال ہی میں بورڈ آف فیکلٹی(فیکلٹی آف سائنس) سے منظور کرایا گیا ہے جبکہ شعبہ کمپیوٹر سائنس کی بورڈ آف اسٹڈیز پہلے ہی اس پروگرام کی منظوری دے چکی ہے اور اکیڈمک کونسل سے منظوری کی صورت میں آئندہ تعلیمی سیشن 2025 کے لیے اے آئی میں داخلے دیے جانے کا امکان ہے تاہم ابھی داخلے کے قواعد اور نشستوں کی تعداد کا تعین ہونا باقی ہے۔

جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹرخالد عراقی نے "ایکسپریس " سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ہماری کوشش ہے کہ طلبہ کو جدید عصری علوم کی معیاری تعلیم دیں اور بورڈ آف فیکلٹی کی جانب سے تفصیلی غور و خوص اور باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد اس پروگرام کو اکیڈمک کونسل میں منظوری کے لیے بھجوایا ہے۔

ڈپارٹمنٹ کے چیئرمین ڈاکٹر صادق علی خان کے مطابق  اے آئی کا نصاب "این سی ای اے سی" (نیشنل کمپیوٹنگ ایجوکیشن ایکریڈیشن کونسل) کی دی گئی گائیڈ لائن کے تناظر میں تیار کیا گیا ہے اور وائس چانسلر ڈاکٹر خالد عراقی کی گائیڈنس پر شعبے کی عمارت میں دو نئے انٹرایکٹیوو اسمارٹ کلاس رومز تیاری کے آخری مراحل میں ہیں جس میں تدریس کے ساتھ ٹیکنیکل ورکشاپ بھی ہوسکیں گی۔

یاد رہے کہ شعبہ کمپیوٹر سائنس کے تحت سوفٹ ویئر انجینئرنگ اور کمپیوٹر سائنس میں بی ایس چار سالہ ڈگری پروگرام پہلے ہی جاری ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں