پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نئی تاریخ رقم، ایک لاکھ پوائنٹس کا سنگِ میل عبور

اسٹاک ایکسچینج کا تاریخی سنگِ میل عبور کرنا سرمایہ کاروں کے بھروسے کا عکاس ہے، وزیراعظم


اسٹاف رپورٹر November 28, 2024

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نئی تاریخ رقم ہو گئی، انڈیکس نے ایک لاکھ پوائنٹس کا سنگِ میل عبور کرلیا۔

پی ایس ایکس میں آج  کاروبار کے آغاز ہی سے تیزی کا رجحان رہا، جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس نے 790 پوائنٹس کے اضافے سے ایک لاکھ کی سطح عبور کرلی۔

حکومت کے  درست اقدامات کے نتیجے میں ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، اسی سلسلے میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہونے سے آج جمعرات کے روز بازارِ حصص میں 1099 پوائنٹس کی بڑی تیزی دیکھی گئی اور ملکی تاریخ میں پہلی بار انڈیکس کی ایک لاکھ پوائنٹس کی بلند ترین سطح بھی رقم ہوگئی ۔ کے ایس ای 100انڈیکس بڑھ کر ایک لاکھ 479پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح کو چھو گیا۔

کاروبار کے اختتام پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 813 پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ 100 انڈیکس ایک لاکھ 082 پوائنٹس پر  پر بند ہوا۔

معیشت میں نمایاں بہتری آئے گی، ماہرین

معاشی ماہرین کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ ترقی معاشی بہتری کی نوید ہے۔ پاکستان کی معاشی اور اقتصادی پالیسیز درست سمت میں گامزن ہیں۔ اس سے پاکستان کی معیشت میں نمایاں بہتری آئے گی۔

 

گزشتہ روز انڈیکس کی 5 سطحیں ہوئی تھیں
واضح رہے کہ پی ایس ایکس میں گزشتہ روز بھی زبردست تیزی آئی تھی اور انڈیکس اپنی 5 سطحیں بحال کرگیا تھا۔ اسٹاک ایکسچینج کاروباری دورانیے کا اختتام 95ہزار، 96ہزار، 97ہزار 98ہزار اور 99ہزار کی 5سطحیں بحال ہونے کے ساتھ 99269پوائنٹس کی نئی بلند سطح پر بند ہوا تھا۔
 
اس دوران مارکیٹ میں کاروباری حجم ایک ارب 3کروڑ سے زائد حصص کے سودوں پر مشتمل رہا۔

 

اسٹاک ایکسچینج کا سنگِ میل عبور کرنا سرمایہ کاروں کے بھروسے کا عکاس ہے، وزیراعظم
دریں اثنا وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ایک لاکھ پوائنٹس کا سنگ میل عبور ہونے پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسٹاک ایکسچینج کا تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک لاکھ پوائنٹس سے تجاوز کرنا حکومتی پالیسیوں پر کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کے بھروسے کی عکاسی کرتا ہے۔
 
وزیراعظم نے کہا کہ اس سنگ میل کو عبور کرنے کے لیے حکومتی معاشی ٹیم اور ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مصروف عمل حکام لائق تحسین ہیں۔ اپنی قوم سے عہد کیا تھا کہ ملکی معاشی استحکام اور ملکی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدام کروں گا۔ پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے کے لیے اپنی سیاست کی قربانی دی، اللہ کے فضل و کرم سے قربانی رائیگاں نہیں گئی۔
 
انہوں نے کہا کہ ملکی استحکام و ترقی کے دشمن ملک کو دوبارہ ڈی ریل کرنے کی مذموم و ناکام کوششیں کر رہے ہیں۔ ملک میں مہنگائی کی شرح میں مزید کمی ہوئی ہے، شرح سود 15 فیصد اور ترسیلاتِ زر ریکارڈ سطح پر پہنچ چکے ہیں۔ ملکی ترقی کے لیے یونہی محنت کرتے رہیں گے اور ملکی ترقی و خوشحالی کے دشمنوں کو ان کے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
 
آرمی چیف سرحدوں کے ساتھ معیشت کی بھی حفاظت کررہے ہیں، گورنر سندھ
اسٹاک ایکسچینج میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ معیشت کو علیحدہ رکھ کر سیاست کریں گے تو بہتری نہیں ہوگی۔ معیشت بہتر ہوگی تو سیاست بھی اچھی ہوگی۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر سرحدوں کے ساتھ معیشت کی بھی حفاظت کررہے ہیں۔
 
اسٹاک ایکسچینج کا ریکارڈ پاکستانی معیشت پر عالمی اعتماد کا ثبوت ہے، مریم نواز
 
انہوں نے بیان میں کہا کہ آج پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں نئی تاریخ رقم ہوئی ہے۔ اسٹاک مارکیٹ کا لاکھ پوائنٹ عبور کرنا عالمی سطح پر پاکستان کی معیشت پر بڑھتے ہوئے اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی معاشی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں