وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ اسٹاک مارکیٹ کا ایک لاکھ پوائنٹ عبورکرنا پاکستانی معیشت پر بڑھتے ہوئے عالمی اعتماد کا ثبوت ہے۔
پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے بیان میں کہا کہ آج پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں نئی تاریخ رقم ہوئی ہے۔ اسٹاک مارکیٹ کا لاکھ پوائنٹ عبور کرنا عالمی سطح پر پاکستان کی معیشت پر بڑھتے ہوئے اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی معاشی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔
مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج دنیا کی بہترین پرفارمنگ ایکوٹی مارکیٹ کا درجہ حاصل کرچکی ہے۔ اسٹاک مارکیٹ کا یہ ریکارڈ سرمایہ کاروں کے غیر متزلزل اعتماد اور حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ سرمایہ کاروں کا اعتماد دلیل ہے کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی پالیسیاں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش ثابت ہو رہی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن نے اسٹاک مارکیٹ میں سیاسی نعرے نہیں لگوائے بلکہ اعلیٰ پالیسیز سے ایک لاکھ پوائنٹس عبور کروایا۔ ن لیگ کی قیادت میں ملک نے نہ صرف استحکام حاصل کیا بلکہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ اسٹاک مارکیٹ کی بلندی اور تیزی سمیت ہر تاریخی کام اور ہر ریکارڈ مسلم لیگ ن کے دور میں ہوتا ہے۔