پاکستان کے ساتھ برادارانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، بنگلا دیشی ہائی کمشنر

بنگلا دیش کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کے خواہاں ہیں، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی


ویب ڈیسک November 28, 2024
بنگلہ دیش کے سفیر نے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی—فوٹو: فائل

اسلام آباد:

پاکستان میں بنگلا دیش کے ہائی کمشنر محمد روح العالم صدیقی نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے ساتھ برادارنہ تعلقات کو ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی سے بنگلا دیش کے ہائی کمشنر محمد روح العالم صدیقی نے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس کے حوالے سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور بنگلا دیش میں کرکٹ کے کھیل کے فروغ پر بھی بات چیت کی گئی اور بنگلا دیشی ہائی کمشنر نے چیمپئنزٹرافی کے انعقاد کے حوالے سے پاکستان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف اور بنگلا دیش کے چیف ایڈوائزر ڈاکٹر محمد یونس کے مابین باکو میں ملاقات انتہائی خوش گوار رہی۔

وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان کی خصوصی ہدایت پر بنگلا دیش کا جلد دورہ کروں گا اور اس دورے کا مقصد بنگلہ دیش کی حکومت اورعوام کے ساتھ خیر سگالی اور دو طرفہ تعلقات مضوط تر بنانے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اوربنگلا دیش کے درمیان دیرینہ برادارنہ تعلقات ہیں، پاکستان بنگلا دیش کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کا خواہاں ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ چیمپینز ٹرافی کے بھر پور انعقاد کے لیے تمام تیاریاں مکمل کی جا رہی ہیں۔

اس موقع پر بنگلا دیشی ہائی کمشنر نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ اور آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ بنگلہ دیش میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کو بے پناہ پذیرائی اور سپورٹ حاصل ہے۔

محمد روح العالم صدیقی نے کہا کہ بنگلا دیش پاکستان کے ساتھ برادرنہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ملکوں کے مابین عوامی سطح پر بہترین روابط ہیں۔

بنگلہ دیشی ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان تعیناتی میرے کیریئر کا بہترین دور ہے اور مجھے بہت محبت ملی ہے اور سفارتی برادری میں پاکستان بہترین ڈیوٹی اسٹیشن مانا جاتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں