پاکستان تحریکِ انصاف کے حالیہ احتجاج، سڑکوں کی بندش اور سیاسی کشیدگی کے باعث پنجاب کی تھیٹر انڈسٹری شدید مالی بحران کا شکار ہو چکی ہے۔ تھیٹر پروڈیوسرز، مالکان، اور فنکاروں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ دو ہفتوں کے دوران ہونے والے سات کروڑ دس لاکھ روپے کے نقصان کا فوری ازالہ کیا جائے۔
پنجاب آرٹسٹ پروڈیوسرز تھیٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین قیصر ثناء اللہ خان نے کہا کہ لاہور کے تھیٹروں کو 20 لاکھ روپے اور دیگر شہروں کے تھیٹروں کو 10 لاکھ روپے فی تھیٹر مالی امداد دی جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تھیٹر اسکرپٹ سنسر فیس، جو 25 ہزار روپے ہے، چھ ماہ کے لیے معاف کی جائے تاکہ اس صنعت کو دوبارہ کھڑا کیا جا سکے۔
وائس چیئرمین قیصر پیا، صدر افضل بٹ، اور دیگر اہم اراکین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وزیر ثقافت عظمیٰ بخاری سے درخواست کی کہ تھیٹر انڈسٹری کے 61 تھیٹروں سے جڑے 15,000 سے زیادہ افراد کے روزگار کو محفوظ بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
لاہور، گوجرانوالہ، ملتان، فیصل آباد، شیخوپورہ، اور دیگر شہروں کے تھیٹرز کو پی ٹی آئی کے دھرنوں اور جلسوں کے باعث شدید مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ فنکاروں نے اس صنعت کو بچانے کے لیے حکومت سے ہنگامی مدد کی اپیل کی ہے۔