کراچی:
شہر قائد میں آج موسم خشک ہے جب کہ آئندہ ہفتے سے سردی میں اضافے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج موسم خشک رہے گا اور 5 دسمبر سے سردی بڑھے کا امکان ہے۔ آج ہفتے کے روز شہر میں صبح کے وقت کم سے کم درجہ حرارت 20.4 ڈگری سینٹی ریکارڈ ہوا۔
صبح کے اوقات میں ہلکی دُھند کے باعث حدِ نگاہ 2 کلومیٹر تک رہ گئی۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 سے 32 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجہ حرارت 19 سے 21 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج شمال مشرقی سمت سے 8 سے 15 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی۔
چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردار سرفراز کے مطابق بلوچستان میں ہونے والی بارشوں کے باعث سردہوائیں کراچی پراثراندازہونے کا امکان ہے۔ جس کے نتیجے میں 5 دسمبر سے کم سے کم اورزیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں 2 سے 3 ڈگری کمی ہوگی۔