اسلام آباد:
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ملک میں انتشار اور تشدد کی سیاست کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی معیشت اس وقت ترقی کے راستے پر گامزن ہے۔ پاکستان میں 7 ماہ کے دوران کئی غیر ملکی وفود نے دورہ کیا ہے۔ پی آئی اے کی یورپ کے لیے پروازوں کی بحالی پاکستان کے لیے اچھی خبر ہے جب کہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 11 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکے ہیں۔
تحریک انصاف کے احتجاج اور بعد کی صورت حال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے لاشوں کی سیاست کرتے ہیں۔ پی ٹی آئی والے لاشوں سے متعلق پرانی وڈیوز، تصاویر سوشل میڈیا پر چلا رہے ہیں۔ ریاست نے فیصلہ کیا ہے کہ انتشار اور تشدد کی سیاست کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
عطا تارڑ نے کہا کہ بشریٰ بی بی کی جانب سے جھوٹا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔ پی ٹی آئی والے سکیورٹی اہل کاروں کی فائرنگ کا جھوٹا پروپیگنڈا کررہے ہیں۔ یہ لوگ غزہ پر اسرائیلی مظالم کی فوٹیج چلا رہے ہیں۔ لاشوں کی جعلی تصاویر چلا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے گاڑیاں اور جوتے چھوڑ کر بھاگے ہیں۔ا نہوں نے سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا اور الزامات کے ساتھ اہل کاروں کی فائرنگ کا کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکے جب کہ مظاہرین پر فائرنگ ہوئی نہ کہیں خون دیکھا گیا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی میں اقتدار کی جنگ چل رہی ہے۔
عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے پرتشدد احتجاج میں شریک شرپسندوں کا اسپیڈی ٹرائل ہوگا اور ملوث افراد کو سخت سزائیں بھی دی جائیں گی، کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔فورسز پر حملوں میں ملوث افراد کی نشاندہی کریں گے تاکہ آئندہ کوئی احتجاج کے لیے نکلے تو اسے پتا ہو کہ فورسز پر حملے کے نتائج کیا ہوتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے پی علی گنڈاپور کی پریس کانفرنس کے حوالے سے کوئی گفتگو کرنا نہیں چاہتا، وہ 2 بار احتجاج سے فرار ہوئے، وہ بزدل ہیں۔ انہیں اپنے صوبے میں امن کی کوئی پروا نہیں ہے۔