کراچی: سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے کے الیکٹرک کی جانب سے محمد کالونی اتحاد ٹاؤن کی بجلی منقطع کرنے سے متعلق درخواست پر کے الیکٹرک اور دیگر کو نوٹس جاری کردیے۔
آئینی بینچ کے روبرو کے الیکٹرک کی جانب سے محمد کالونی اتحاد ٹاؤن کی بجلی منقطع کرنے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔
درخواستگزار کے وکیل نے مؤقف دیا کہ کے الیکٹرک انتظامیہ نے علاقے کا پی ایم ٹی اتار لیا ہے،پورا علاقہ بجلی سے محروم ہے۔ آئینی بینچ کے سربراہ جسٹس کے کے آغا نے ریمارکس دیے کے الیکٹرک کو نوٹس جاری کردیا ہے، جواب آنے پر فیصلہ کیا جائے گا۔
درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ بجلی کے بلوں کی عدم ادائیگی پر بجلی منقطع کی گئی ہے۔ کے الیکٹرک انتطامیہ چند لوگوں کی سزا پورے علاقہ مکینوں کو نہیں دے سکتی۔ عدالت نے کے الیکٹرک اور دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 10 دسمبر کو جواب طلب کرلیا۔
عدالت نے درخواستگزار کے وکیل کی علاقے کی بجلی فوری بحال کرنے کی استدعا مسترد کردی۔