سانحہ 12 مئی؛ عدالت نے تفتیشی افسر کو طلب کرلیا، گواہوں کو پیش کرنے کا حکم

تفتیشی افسر کی عدم پیشی پر عدالت کا اظہار برہمی، حکم عدولی پر سخت کارروائی کا عندیہ


کورٹ رپورٹر November 30, 2024

کراچی:

سانحہ 12 مئی مقدمات میں عدالت نے تفتیشی افسر کو طلب کرتے ہوئے گواہوں کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سانحہ 12 مئی کے 5 مقدمات میں تفتیشی افسر کو آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے گواہوں کو بھی پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ 

سینٹرل جیل کراچی میں انسداد دہشتگردی کمپلیکس میں خصوصی عدالت کے روبرو سانحہ 12 مئی کے 5 مقدمات کی سماعت ہوئی۔ کیس میں ایم کیو ایم لندن کے رئیس مما، رضوان چپاتی و دیگر کیخلاف پولیس کی عدم توجہی برقرار رہی جب کہ  تفتیشی افسر انسپکٹر طیب کی مسلسل عدم حاضری سے مقدمہ التوا کا شکار ہورہا ہے۔ 

دوران سماعت عدالت تفتیشی افسر کی عدم پیشی پر سخت برہم ہوئی۔ عدالت نے تفتیشی افسر کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔ عدالت نے تفتیشی افسر کو آئندہ سماعت پر گواہوں کو بھی پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ 

عدالت نے ریمارکس دیے کہ عدم پیشی اور عدالتی حکم عدولی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ بعد ازاں سماعت 9 دسمبر تک ملتوی کردی گئی۔

پولیس کے مطابق 12 مئی 2007 کو کراچی میں دہشتگردی، ہنگامہ آرائی اور قتل و غارتگری کی گئی تھی۔ مقدمے میں ایم کیو ایم لندن کے رئیس مما اور رضوان چپاتی گرفتار ہیں۔ سانحہ 12 مئی کا مقدمہ تھانہ ایئر پورٹ میں درج ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں