سچل سعدی ٹاؤن میں نوجوان نے معاشی و مالی بدحالی سے دلبرداشتہ ہو کر گلے میں پھندا لگا کر خودکشی کرلی جبکہ نوجوان آن لائن بائیک رائیڈر کا کام کرتا تھا۔
تفصیلات کےمطابق سچل کے علاقے صفورا سعدی ٹاؤن بلاک 5 میں گھر سے نوجوان کی گلے میں پھندا لگی لٹکتی ہوئی لاش ملی جس کی کلائی کی رگ بھی کٹی ہوئی تھی ، اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر متوفی کی لاش چھیپا کے رضا کاروں کی مدد سے ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال پہنچائی۔
ایس ایچ او سچل انسپکٹر اورنگزیب خٹک نے بتایا کہ متوفی کی شناخت 28 سالہ علی زاہد کے نام سے کی گئی جو کہ آن لائن بائیک رائیڈر کا کام کرتا تھا ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ متوفی غیر شادی شدہ اور کرایے کے گھر میں دو بہنوں کے ہمراہ رہائش پذیر تھا جبکہ وہ مالی و معاشی تنگدستی کا شکار تھا اور اس وجہ سے اس نے دلبرداشتہ ہو کر گلے میں نائیلون کی رسی کا پھندا لگا کر پنکھے کے ہک سے باندھ کر خودکشی کرلی۔
متوفی نے خودکشی سے قبل اپنی کلائی کی رگ بھی کاٹ لی تھی جس سے بہنے والا خون فرش پر جمع ہوا تھا تاہم پولیس اس حوالے سے اہلخانہ سے معلومات حاصل کرتے ہوئے مزید تحقیقات کر رہی ہے۔