عطاتارڑ کی گفتگو پر پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان شیخ وقاص اکرم نے ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ ریاست چوروں اور قاتلوں کے غاصبانہ قبضے میں ہے اور جب تک قاتل مسندوں پر رہیں گے عوام کی زندگیاں خطرے میں رہیں گی۔
ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں نے 26 نومبر کو اسلام آباد میں شہریوں کے خون سے ہولی کھیلی اور مینڈیٹ چوروں نے معصوم بےگناہ شہریوں کی لاشوں کی چوری کی بھی ایک شرمناک تاریخ رقم کی ہے، دنیا کی سیاسی اور جمہوری تاریخ میں ایسی سفّاکیّت اور درندگی کہیں دیکھنے میں نہیں آئی۔
ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ پوری دنیا نے دیکھا کہ ان مجرموں نے نہتّے بے گناہ شہریوں کو قتل ہی نہیں کیا بلکہ اسپتالوں میں سینکڑوں زخمیوں کو علاج سے محروم اور اغوا بھی کیا، مقامی اور بین الاقوامی میڈیا کے نمائندے آج تک اسپتالوں سے مصدقہ ریکارڈ ڈھونڈ رہے ہیں مگر قاتل ریکارڈ فراہم کرنے سے گریزاں ہیں، معصوم اور بے گناہ شہداء کے لواحقین اپنے پیاروں کی لاشوں کے لیے در بدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں مگر مینڈیٹ چور لاشیں دینے سے گریزاں ہیں۔
ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ سیاست کو خون آلود کر کے ظالموں نے مکالمے اور پرامن جدوجہد کے امکانات کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا ہے، قوم اپنے شہداء کا خون ہرگز معاف نہیں کرے گی، شہریوں کے قاتلوں کو کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا اور ان سے حساب لیا جائے گا، دارالحکومت کی سڑکوں کو معصوموں کے خون میں نہلا کر جھوٹ سے اپنی یزیدت چھپانے والے کسی طور اپنی آستینوں سے لہو نہیں پونچھ پائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اپنے ٹیکس کے پیسے سے بندوقیں خرید کر دینے والے عوام نے اب ان بندوقوں کو تھامنے والوں کے چہروں پر اپنی نگاہیں گاڑ دی ہیں شہداء کے سوگ سے فراغت کے بعد عوام مجرموں کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔