اسلام آباد:
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں گزشتہ ماہ (نومبر 2024) کے دوران 148ارب روپے جبکہ رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ(جولائی تا نومبر)کے دوران سے 344 ارب روپے کے ریونیو شارٹ فال کا انکشاف ہوا ہے ۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے سینئر افسر نے ہفتہ کی رات ایکسپریس کو بتایا کہ ایف بی آر کو حاصل ہونے والی ٹیکس وصولیوں کے عبوری اعداد وشمار کے مطابق ایف بی آر کو نومبر 2024 میں مجموعی طور پر 855 ارب روپے سے زائد کی ٹیکس وصولیاں حاصل ہوئیں تاہم یہ 1,003 ارب روپے کے مقررہ ہدف کے مقابلے میں 148 ارب روپے کم ہے۔
ایف بی آر ذرائع کے مطابق ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق نومبر 2024 کے دوران محصولات کی عبوری وصولی 851 ارب روپے رہی ہے جو مقررہ ہدف 1,003 ارب روپے کے مقابلے میں 152 ارب روپے کم ہے تاہم حتمی اعداد و شمار اور ڈیٹا کی تصدیق کے بعد یہ فرق 150 ارب روپے تک محدود ہونے کی توقع ہے۔
ایف بی آر کے حکام کا کہنا ہے کہ حتمی اعداد و شمار کی تکمیل اور ڈیٹا کے تصفیے کے بعد چار سے پانچ ارب روپے کا اضافی ریونیو حاصل ہوسکتا ہے۔
رواں مالی سال 2024-2025 کے ابتدائی پانچ ماہ (جولائی تا نومبر) کے دوران ایف بی آر نے 4,295 ارب روپے محصولات جمع کیے، جو چار ہزار چھ سو 39 ارب روپے کے ہدف سے 344 ارب روپے کم ہیں۔
اپ ڈیٹ شدہ اعداد و شمار کے مطابق نومبر 2024 میں 851 ارب روپے محصولات جمع کیے گئے جو نومبر 2023 میں جمع شدہ 736 ارب روپے کے مقابلے میں 115 ارب روپے زائد ہیں۔